کورونا ویکسین لگواکر ہی ہم اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو اس خطرناک اورجان لیوا وائرس سے محفوظ بنا سکتے ہیں؛سیکرٹری عثمان علی خان

20

بہاولنگر، 02نومبر(  اے پی پی  ): سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب عثمان علی خان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگواکر ہی ہم اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو اس خطرناک اورجان لیوا وائرس سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کورونا ویکسینیشن کے عمل پر بھرپور توجہ ہے اور کورونا ویکسینیشن کی سہولت ہر دہلیز تک کی خصوصی مہم کوباقاعدگی سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔انہوں نے  کہا کہ انشاء اللہ 25 اکتوبر سے 12 نومبرتک جاری اس خصوصی مہم کے دوران صوبہ پنجاب میں آبادی کے مطابق مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 13 نومبر سے17 نومبرتک کیچ اپ ایکٹیویٹی کی جائے گی۔

اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر میں جاری کورونا ویکسینیشن کی صورتحال بارے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ضلع بھرمیں اب تک14لاکھ 86ہزارسے زائد افراد کی کو رونا ویکسینیشن کی جا چکی ہے جبکہ خصوصی مہم سہولت ہر دہلیز تک کے تحت اب تک مزید 52 ہزار افراد کو بھی کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے۔

سیکرٹری سی این ڈبلیو عثمان علی خان نے ویکسینیشن کے جاری عمل کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بہاول نگر میں قائم کورونا ویکسینیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا اور ویکسینشن کے جاری عمل اور اس سلسلے میں فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ موذی وبا پر جلد از جلد قابو پایا جا سکے۔