گورنر سندھ سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں جاری نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کی ملاقات

13

کراچی،11 نومبر  (اے پی پی):  گورنر سندھ عمران اسماعیل سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں جاری نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء  نے جمعرات کو یہاں  گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے ، وفد کی قیادت ڈی جی اسٹریٹجک اسٹڈیز ریسرچ اینڈ اینالیسس (ISSRA) میجر جنرل احسان محمود خان نے کی۔

اس موقع پر گورنر سندھ نےکہاکہ ماضی میں متضاد معاشی پالیسیوں اور خراب معاشی نظم و ضبط نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا تھا۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو کراچی کے بڑے مسائل بشمول سیوریج، ٹرانسپورٹ اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بہتر خدمات کے لیے گرین لائن پروجیکٹ کی تکمیل کی صورت میں ایک اورسنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ ایس آئی ڈی سی ایل کو گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (بی آر ٹی) کے لیے پہلے ہی 80 بسیں موصول ہو چکی ہیں اور یہ سہولت اس ماہ کے آخر تک فعال ہو جائے گی۔ ایس آئی ڈی سی ایل کے تحت جاری منصوبوں میں کراچی کو بلک واٹر سپلائی کے لیے K-IV منصوبے کو حتمی شکل دینا، شہر کے لیے جدید ترین فائر فائٹنگ سسٹم، کے ایم سی کی حدود میں مختلف اضلاع کے پانی اور سیوریج کے نظام سمیت مختلف سڑکوں/گلیوں کی بحالی اور نگرانی شامل ہیں۔

ورکشاپ کے شرکاء میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے قانون ساز، بیوروکریٹس، مسلح افواج کے اعلی افسران کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔