ہرنائی۔1نومبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہرنائی کے زلزلہ متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں۔احساس کیش ریلیف پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ ہرنائی میں متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، احساس کیش ریلیف پروگرام واضح اظہار ہے کہ وفاق بلوچستان کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کیلئے احساس ریلیف کیس پروگرام کا اجرا وزیر اعظم کی ہدایت پر کیا گیا ہے، زلزلہ متاثرہ خاندانوں کو 12 ہزار روپے کیش دیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زلزلے کے فوراً بعد پاک فوج، ضلعی انتظامیہ،این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اےاور ریسکیو اداروں نے مشکل صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کیا جس کیلئے تمام ادارے، آفیسرز اور جوانان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ زلزلے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ کا احساس ہے اور کوشش ہے کہ متاثرہ مکانات اور عمارتیں پہلے سے زیادہ بہتر تیار کی جائیں۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے ہرنائی زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ بھی کیا اور زلزلہ متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ دورے کے دوران پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی میر نصیب اللہ مری، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیراحمد ناصر، ڈائریکٹر جنرل بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام عبدالجبار اور ڈی سی ضلع ہرنائی سہیل ہاشمی بھی گورنر بلوچستان کے ہمراہ تھے۔