کوئٹہ،02 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں آنے والا زلزلہ انتہائی تباہ کن تھا،قدرتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا تاہم موثر حکمت عملی ،نقصانات کاازالہ کرسکتی ہے، ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی مالی مدد کرینگے تاکہ وہ اپنے گھر خود بنا سکیں۔
منگل کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ قائد ایوان بننے کے ساتھ ہی ہرنائی کے لوگوں کے مسائل کے حل کا اعلان کیا تھا،ہرنائی زلزلہ متاثرین کیلئے سمری منظور کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہرنائی کادورہ کرینگے اور وہاں کے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرینگے،ہماری کوشش ہے کہ زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی مالی مدد کرینگے تاکہ وہ اپنے گھر خود بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کشمیر زلزلہ متاثرین کی طرز پر ہرنائی کے لوگوں کی مدد کی جائے۔