اسلام آباد،23نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آلودگی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے پائیدار ماحولیاتی تحفظ منصوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے، صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو یہاں آلودگی سے متعلق مسائل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ملک کے بڑے شہروں کو آلودگی سے بچانے کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی مرتب کریں اور اس سلسلہ میں فوری طورپر تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے پائیدار بنیادوں پر اقدامات کئے جا نے چاہئیں، بڑے پیمانے پر شہروں میں شجر کاری کے ذریعے حکومت زیادہ سے زیادہ پودے لگانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔