اکانومی گرو کر رہی  ہے ،  ریونیو گزشتہ  سال  کے  مقابلے  میں 36 فیصد  زیادہ  ہیں ؛ شوکت ترین

26

اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت بہتراندازمیں آگے بڑھ رہی ہے، محصولات میں اضافہ ہورہاہے، ریونیو گزشتہ  سال  کے  مقابلے  میں 36 فیصد  زیادہ  ہیں۔

 جمعہ کویہاں وزیراعظم کے مشیرتجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں مشیرخزانہ نے کہاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کے اثرات پاکستان پربھی مرتب ہورہے ہیں تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان میں اشیائے خوراک کی قیمتیں عالمی منڈی کے مقابلے میں کم ہیں، عالمی مارکیٹ میں ایل این جی، دھاتوں، خوردنی تیل اورخام مال کی قیمتیں بڑھی ہیں  اس کے نتیجہ میں پاکستان میں افراط زر اوردرآمدی بل پراثرات مرتب ہوئے، نومبرکے مہینہ میں پاکستان کادرآمدی بل 7.7 ارب ڈالرتھا، درآمدی بل میں خام مال،  پیٹرولئم مصنوعات اورخوردنی تیل کا بڑا حصہ ہے۔  پیٹرولیم کی مصنوعات کی درآمد میں 508 ملین ڈالر اورویکسین کی خریداری ودرآمد میں 400 ملین ڈالرکا اضافہ ہواہے،اسی طرح خوردنی تیل کی درآمد بھی بڑھی ہے۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہورہی ہے، اس سے ایل این جی کی قیمتوں کازوربھی ٹوٹ جائیگا، کوئلہ کی قیمت میں بھی کمی آرہی ہے، خوردنی تیل کی قیمت میں جنوری کے بعد سے فرق آنا شروع ہوجائیگا۔ ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کوعالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک سے معاونت مل رہی ہے۔ مشیرخزانہ  کا کہناتھا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے، محصولات میں 36 فیصد کانمایاں اضافہ ہواہے،  انکم ٹیکس کی وصولی میں 37 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے، اس سے ظاہرہورہاہے کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہورہی ہے، جہاں تک تجارتی خسارہ اورافراط زرکا تعلق ہے تووہ بھارت اوردیگرپڑوسی ممالک میں بھی زیادہ ہے، بھارت کاتجارتی خسارہ 20 ارب ڈالرسے تجاوزکرگیاہے، پاکستان میں درآمدی پیٹرولئم مصنوعات میں قیمت کے تناسب سے 72 فیصد اور مقدارکے لحاظ سے 11 فیصداضافہ ہواہے،  خام درآمدی تیل میں قیمت کے لحاظ سے 86 فیصد اورمقدارکے لحاظ سے 5 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، سویا بین قیمت کے لحاظ سے 75 فیصد اورمقدارکے لحاظ سے 5 سے لیکر10 فیصد اوردالوں کی درآمد میں قیمت کے لحاظ سے 34 فیصد اورمقداری لحاظ سے 5 فیصد اضافہ ہواہے، جب بین الاقوامی منڈیوں میں ان اشیا کی قیمتوں میں کمی آئیگی توپاکستان میں بھی اس سے فرق پڑے گا۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ ہماری معیشت بہتراندازمیں آگے بڑھ رہی ہے، محصولات میں اضافہ ہورہاہے، بجلی اورتوانائی کی کھپت بڑھ گئی ہے، فصلوں کی پیداوارمیں ریکارڈاضافہ ہورہاہے، گنے کی پیداوارمیں اضافہ ہورہاہے، اس سے واضح ہورہاہے کہ ہم درست سمت میں آگے جارہے ہیں۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ شہری لوئیرمڈل کلاس کی مشکلات کا حکومت کوبخوبی علم ہے، شہری لوئیرمڈل کلاس کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، احساس پروگرام، احساس راشن اورسماجی تحفظ کے دیگرپروگراموں کےذر یعے  اس طبقے کوریلیف پہلے سے فراہم کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری برآمدات بڑھ رہی ہے، ترسیلات زرمیں بھی نمایاں اضافہ ہورہاہے، اس سے خسارے کوکم کرنے میں مدد ملے گی

سورس:وی    این ایس، اسلام آباد