پاکستان اور کرغستان مذہب، اخوت اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں؛چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

24

اسلام آباد،1دسمبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغستان مذہب، اخوت اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کرغستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرغستان کے سفیر ای بشم  بائف  سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کرغستان کے سفیرای بشم  بائف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرغستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے جمہوریہ کرغستان میں پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے پاس دو طرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا ایک موثر میکینزم موجود ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بی پی سی کے دوسرے دورکے جلد از جلد انعقاد پر زور دیا۔ انہوں  نے  کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان، چین، کرغستان اور قزقستان نے مارچ 1995 میں چار فریقی معاہدے (کیو ٹی ٹی اے) پر دستخط کئے جس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارت، کاروبار اور عوام سے عوام کے رابطوں میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطہ ناگزیر ہے اورسیاحت ہمارے دونوں ممالک کے لیے ایک ترجیحی شعبہ ہے۔ہم اپنے ممالک میں سیاحت کے فروغ کے لیے قریبی تعاون چاہتے ہیں تاکہ عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ثقافتی روابط کو بھی بڑھانا ہوگا۔ملاقات میں کاسا۔1000 منصوبے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان، کاسا۔1000 منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذہب، اخوت اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔پاکستان کرغستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطے کے ممالک سے قریبی روابط اور شراکت داری خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔پاکستان خطے کے ممالک سے قریبی رابطوں کے فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔کرغستان کے سفیر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔

کرغستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔