اساتذہ کرام  تدریسی عمل جاری رکھیں ، آرڈیننس  کے حوالے سے  پائے جانے والے تحفظات کا  حقیقت سے کوئی تعلق نہیں  ؛ معاون خصوصی علی نواز اعوان کی پریس کانفرنس

45

اسلام آباد،8دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے اسلام آباد کے اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تدریسی عمل جاری رکھیں کیونکہ ان کے سروس سٹرکچر میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ، میئر کو صرف نگرانی کے اختیارات دیئے ہیں ، قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے بھی کہا ہے کہ اساتذہ فوری طور پر سکول کھولیں اور ان کے جو معاملات ہیں وہ مل بیٹھ کر حل کریں ، کووڈ 19 کی وجہ سے 2سال طلباء کا ٹائم ضائع  ہوا ہے  ، آرڈیننس  کے حوالے سے  پائے جانے والے تحفظات کا  حقیقت سے کوئی تعلق نہیں  ۔

 بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا  کہ اسلام آباد کے اساتذہ ہڑتال کر رہے ہیں ، ہڑتال کی وجہ سے طلباء کا تدریسی عمل متاثر ہوا ہے ، پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی کا جو وعدہ کیا تھا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021لایا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے اساتذہ کرام نے ہمارے ساتھ بغیر بیٹھے ہڑتال کردی ، ہم ان سے یہ امید نہیں کر رہے تھے کہ اساتذہ بچوں کو پڑھانا چھوڑ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کرام جو احتجاج کر رہے ہیں انہوں نے چند سوالات ایک پیپر پرلکھ دیئے ہیں ان کا آرڈیننس سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے   آرڈیننس کے بغیر پڑھے ہڑتال کر دی۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کرام کے جو بھی مسائل ہیں ان کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کریں گے ۔

معاون خصوصی نے کہاکہ آج قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے اساتذہ کو فوری طور پر سکول کھولنے کی ہدایت کی ہے اور ان کے جو بھی معاملات ہیں وہ مل بیٹھ کر حل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ جس آرڈیننس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں حقیقت پر مبنی نہیں ہے ، احتجاج کی وجہ سے طلباء کا تدریسی عمل متاثر ہوا ہے ۔ طلباء پہلے سے کووڈ19کی وجہ سے 2سال تعلیمی سرگرمیوں سے محروم رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت میئر کو صرف نگرانی کے اختیارات دیئے ہیں باقی سارا سروس سٹرکچر، کیڈر ، اساتذہ کی تنخواہ، جاب سیکیورٹی ، پنشن وزارت تعلیم کے پاس رہے گی ، اساتذہ کو تنخواہ اے جی پی آر سے ہی ملے گی ،اگر ہم نے محکوم ہو کر ہی رہنا ہے تو آگے کیسے بڑھیں گے ۔

معاون خصوصی  نے کہاکہ احتجاج کی وجہ سے اسلام آباد کے سوا دو لاکھ طلباء تعلیم سے محروم ہیں وہ جس آرڈیننس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اس کا حقیقت سے کوئی سروکار نہیں ، میں امید رکھتا ہوں کہ اساتذہ فی الفور سکول کھولیں گے، قائمہ کمیٹی  برائے تعلیم نے  بھی سب کمیٹی بنا دی ہے آپ آئیں بیٹھیں اور اس مسئلے کا حل نکالیں  ، میں امید رکھتا ہوں کہ جو طلباء تدریسی عمل سے محروم ہیں وہ کل سے سکول آنا شروع ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ٹی آئی پر بھی ڈاکٹر ز کے تحفظات تھے ان کا بھی مل  بیٹھ کر حل نکالا ۔

سورس:وی   این ایس، اسلام آباد