اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت پر قابو پانے کیلئے حکومتی اداروں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون قابل تعریف ہے، پانی کے مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 5 واں ملک ہے، اس سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اور مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پانی کے مسائل کے حل کیلئے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پانی کے استعمال کے مؤثر نظام پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کو واٹر سمارٹ سٹی بنانے جا رہے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی دارالحکومت میں پانی کے بحران اور کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سال جون تک اسلام آباد میں 100 مقامات پر گرائونڈ ری چارج کے ذریعے زیرزمین پانی کی سطح بہتر بنائی جائے گی، اسلام آباد کو واٹر سمارٹ اینڈ سسٹین ائیبل سٹی کے تحت واٹر ریسورسز میں مربوط بنایا جائے گا۔











