افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی فوری ضرورت ہے؛ جنرل قمر جاوید باجوہ

17

راولپنڈی،11دسمبر  (اے پی پی):بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے سینیٹر اینگس کنگ کی سربراہی میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر رچرڈ بر، سینیٹر جان کارن اور سینیٹر بین ساس بھی شامل تھے۔ پاکستان میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی طاقتوں کے ساتھ با مقصددو طرفہ روابط برقرار رکھنے اور پرامن، متنوع، پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں  نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا۔انہوں نے آنے والے چیلنجوں کے پیش نظر جیو پولیٹیکل اور سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں باہمی افہام و تفہیم کے لیے سینیٹرز کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

 معزز مہمانوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔