افغانستان میں طویل مدتی تعمیرنو اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے اضافی طریقے تلاش کیے جائیں؛وزیراعظم عمران خان کا عالمی برادری پر زور

45

اسلام آباد،19دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں طویل مدتی تعمیرنو اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے اضافی طریقے تلاش کرے،  افغانستان میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی انہدام سے بچنے کیلئے بین الاقوامی انسانی امداد کی فوری ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر حسین عبداﷲ سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایران کے وزیر خارجہ کے پاکستان کے پہلے دورہ  کا خیرمقدم کرتے ہوئے افغانستان کی موجودہ معاشی صورتحال سے متعلق پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی انہدام سے بچنے کیلئے بین الاقوامی انسانی امداد کی فوری ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر معمولی اجلاس سے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو افغانستان کی مدد کا موقع ملے گا۔

 وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں طویل مدتی تعمیرنو اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے اضافی طریقے تلاش کرے۔

دوطرفہ امور سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے دوستانہ دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا اور انہیں مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایران بالخصوص سپریم لیڈر کی جانب سے تنازعہ کشمیر پر مسلسل حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو دورہ پاکستان  کی دعوت بھی دی۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر حسین عبداﷲ نے افغانستان سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کے فیصلہ پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے ایران کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

سورس :و ی این ایس ،اسلام آباد