بلوچستان کے  مسائل  وزیر اعظم کے دل کے  بہت قریب ہیں ؛ چوہدری فواد حسین

51

لاہور ،12دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ  بلوچستان کے  مسائل  وزیر اعظم کے دل کے  بہت قریب ہیں،وزیراعظم نے گوادر میں ریلی کے عوامی مطالبات کا نوٹس لیا ہے اور بلوچستان کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کے لئے 700 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا، ایران کی سرحد پر تجارتی صورتحال جیسے مسائل بھی درپیش ہیں، افغانستان کی صورتحال کے بعد ہم نے تمام سرحدوں پر سیکورٹی سخت کی جس کی وجہ سے مقامی ضروریات کے حوالے سے بھی مسائل پیدا ہوئے، ہمیں ان مسائل کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے گوادر کی بندرگاہ پر بات تو کی لیکن بنیادی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی، پانی اور بجلی جیسے منصوبوں میں تاخیر ہوئی اور وہاں احساس محروم پیدا ہوا۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مسائل پر بات کی ہے، انشاءاللہ مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں زیادہ تر مقامی لوگوں کے مسائل ہیں، غیر قانونی فشنگ کے معاملہ کا بھی سختی سے نوٹس لیا ہے، ان معاملات کو ایک پالیسی کے تحت آگے لے کر چلیں گے۔