جرنلسٹس و میڈیا پروفیشنلز تحفظ بل ، ایوانِ بالا  سے   منظور

53

اسلام آباد، یکم  دسمبر(اے پی پی ):آزادی صحافت اور صحافت سے جُڑے افراد کے تحفظ  کیلئے  موجودہ حکومت کی کاوشوں کی بدولت  “ جرنلسٹس و میڈیا پروفیشنلز تحفظ بل” کی ایوانِ بالا  سے   منظوری ہو گئی  ہے ، اس اہم ترین قانون سازی کی بدولت شعبہ صحافت سے وابسطہ افراد کو محفوظ زندگی اور آزادی اظہار راۓ کا حق دیا گیا ہے۔ بل میں صحافیوں کی جبری گمشدگی، خوف و ہراس، تشدد اور دھمکی کے خلاف تحفظ،محفوظ نجی زندگی  اور رازداری کا حق، خبر کے ذرائع کو خفیہ رکھنے کا حق شامل   ہے ۔

 بل کے تحت میڈیا مالکان کو صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور لائف و ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کا پابند بنایا گیا ہے۔ بل کے تحت آزاد کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائیگا جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نمائندے شریک ہوں گے۔ بل کی منظوری کے بعد موجودہ حکومت کا اہل صحافت سے کیا گیا وعدہ بھی ایفا ہو گیا ہے ۔

بل میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار میڈیا پروفیشنلز کو قانونی اور حقیقی طور پر ریاست کا چوتھا ستون بنایا گیا ہے۔