خصوصی افراد کے حوالے سے ہمیں اپنی ذمہ داریاں پہچاننا ہونگی؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

40

اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو معاشرہ کا کارآمد شہری بنانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ، خصوصی افراد کے حوالے سے ہمیں اپنی ذمہ داریاں پہچاننا ہونگی۔

 صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ معاشرے کو معذور افراد کا سہارا بننا چاہئے، جسمانی طور پر معذور افراد کی کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں کو ملک میں ہر شخص کی فرسٹ ایڈ کی تربیت کرنی چاہئے، ماضی میں شہری دفاع کی تربیت میں فرسٹ ایڈ کو سکھایا جاتا تھا جس کا اب دوبارہ اجراء کیا جارہاہے۔ صدر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں رحجان ہے کہ معذور بچوں کی کیفیت کو چھپایا جاتا ہے،  لوگوں کو اس کیفیت سے نکلنا چاہئے، معذور بچوں کا سکولوں میں خیر مقدم کیا جانا چاہئے،کوئی سکول انہیں داخلہ دینے سے انکار نہیں کرے گا، اسلام آباد میں اس حوالے سے قانون بھی بن چکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو تعلیم کے لئے ہر سکول میں مہم کم ازکم ایک استاد ہونا چاہئے جبکہ ایسے معذور طلباء جو سیکنڈری لیول سے آگے پڑھنے سے قاصر ہیں انہیں فنی تربیت دینی چاہئے۔

 صدر مملکت نے کہاکہ غیر سرکاری اداروں کو معذور افراد کو صنعتوں میں روزگار دلانے کے لئے سرگرم کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ انہیں معاشرہ میں باعزت مقام مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ  بینکوں نے معذوروں کے لئے قرضوں کا اجراء کیا ہے، معذور افراد جس بھی انڈسٹری میں گئے انہوں نے  وہاں بہت محنت کی ہے، بینک خصوصی افراد کو قرضہ فراہم کریں تاکہ وہ کاروبار کرسکیں ۔

صدر مملکت نے غیر سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی معذور افراد کی بہبود کے لئے کام کریں، اس مقصد کے لئے کمیونٹی کو بھی آگاہی دینی پڑے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں معذور افراد کی ویل چیئرز کو فٹ پاتھس تک رسائی دی ہے جو ایک مستحسن اقدام ہے، کامسیٹس یونیورسٹی نے دارالحکومت کی ایف سکس مارکیٹ کے لئے اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ بنایا ہے، خصوصی افراد یکساں مواقع ملنے کی صورت میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، انہوں نے اس ضمن میں دفتر خارجہ کی خاتون افسر کا ذکر کیا جنہوں نے حال ہی میں اقوام متحدہ میں موثر تقریر کی۔