دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچنے والے پولیو ورکرز  قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں ، بہترین کارکردگی  پر  انعامات دینے کا پلان مرتب کیا جائے،وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

27

اسلام آباد۔3دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  نے انسداد پولیو کے لئے   صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچنے والے پولیو ورکرز  قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں ، بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کے لیے انعامات دینے کا پلان مرتب کیا جائے، ہم سب کو مل کر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، کوروناکی نئی قسم اومیکرون کے پیش نظر  ویکسی نیشن مہم کو مزیدتیز کیاجائے۔  ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت  ڈاکٹر فیصل سلطان، پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد اور اعلی عہدے دار شریک ہوئے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز اور 30 سے زائد اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے  شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بین الاقوامی  ادارے حکومت پاکستان کی کورونا اور پولیو سے بچاو کے لیے موثر اقدامات کے معترف ہیں۔خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین، اور سندھ میں حیدر آباد اور کراچی میں گندے پانی کے ذریعے  پولیو کے پھیلائو کا خطرہ زیادہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نےصوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیو کے لئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیو ورکرز جو دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں جس کے لیے وہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ  بہترین کارکردگی دیکھانے والے پولیو ورکرز کے لیے انعامات دینے کا پلان مرتب کیا جائے۔ چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات کو مزید موثر بنایاجائے۔  وزیراعظم نے کہا کہ کم منتقلی والا سیزن پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے موزوں ترین وقت ہے اور ہم سب کو مل کر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔ بچوں کی  متعدی امراض سے  بچاؤ کے ٹیکوں کی عمومی مہم  اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ ساتھ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ  کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے ۔