ریسکیو1122 ایبٹ آباد کی سال 2021 کی کارکردگی رپورٹ جاری، 5537 حادثات میں اپنی خدمات فراہم کیں

35

ایبٹ آباد، 31 دسمبر (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیراحمد کے احکامات پر ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی سال2021 کارکردگی  رپورٹ جاری، جس کے مطابق ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کی جان و مال بچھانے کیلئے مجموعی طور پر5537 حادثات میں اپنی خدمات فراہم کیں، مجموعی طور پر 636097 کالز موصول ہوئیں، جن میں 586740 معلوماتی/دیگر کالز شامل ہیں۔

 ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر عمران خان یوسفزئی نے سالانہ رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے گزشتہ 1 سال کے دوران اوسط رسپانس ٹائم 6.5  منٹ میں 5537 حادثات میں 5419 افراد کو مختلف ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت پیشہ ورانہ سہولیات فراہم کیں۔

 سال2021 کے دوران ٹریفک حادثات کے 447، میڈیکل ایمرجنسی کے 4238، آگ لگنے کے 218 ، عمارت گرنے کے 4 ، ڈوبنے کے 2،جرائم یا گولی لگنے کے 28، گرنے یادیگرہنگامی صورتحال کے 426 واقعات، کورونا وائرس کے 174افراد رونما ہوئے۔ ان ایمرجنسی واقعات میں 5419 افراد متاثر ہوئے جن میں سے  4238 افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، مختلف حادثات میں 44 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو 22 11 ایبٹ آباد کی زیر قیادت ریفریل ایمبولینس سروسز کی کارکردگی میں بھی سال 2021 کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے ریفریل ایمبولینس سروس کے ذریعے ٹوٹل 1764 ایمرجنسی کال پر ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال تک شفٹنگ کے خدمات سرانجام دیے، جن میں 170 شفٹنگ ایمرجنسیز بیرونی ضلعے جبکہ 1594 ایمرجنسیز کے دوران اندرونی ضلع میں مختلف ہسپتالوں میں مریضوں کو منتقل کیا گیا۔