سکھر،30دسمبر(اے پی پی ): سول ایوی ایشن سکھر کی جانب سے سکھر کے بیگم نصرت بھٹو ایئر پورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشق کا انعقاد کیا گیا جس کی نگرانی ایئر پورٹ منیجر آصف افتخار اور سول ایوی ایشن کے فائر انچارج ضمیر حسین نے کی۔ مشق میں سول ایوی ایشن ،اے ایس ایف ،پی آئی اے ، ایدھی ، محکمہ صحت ،سول ڈیفنس و دیگر اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
دوران مشق ایک جہاز کے کریش ہونے اس میں لگنے والی آگ کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے، متاثرہ افراد کونکالنے اور اسپتالوں تک پہنچانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا جسے وہاں پر موجود افسران اور شہریوں نے سراہا۔
اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر آصف افتخار اور فائر انچارج ضمیر حسین اور زوہیب سلمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ سول ایوی ایشن کی جانب سے ہر دو سال بعد فل اسکیل ایمرجنسی ایکسر سائیز کا انعقاد کیا جاتاہے تاکہ سول ایوی ایشن کی صلاحیتوں اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے اس ایکسرسائیز کے انعقاد میں دیگر متعلقہ اداروں کا بھرپور تعاون رہا ہے جس پر ہم ان کے شکر گذار ہیں۔