سکھر۔15دسمبر( اے پی پی )سکھر( اے پی پی ) سندھ ہائی کورٹ سکھر نے پرندوں کے غیر قانونی شکار کے خلاف درخواست پر ڈی جی رینجرز سندھ ، آءجی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں وائلڈ لائف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل قاضی عطر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خیرپور میرس کی نارہ تحصیل میں غیر قانونی طور پر پرندوں کا شکار کیا جا رہا ہے، بااثر وڈیرے غیرملکی شکاریوں کے سہولت کار بنکر غریبوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ شکاری نایاب نسل کے پرندے طلور، تیتر، کالا تیتر اور ہرن کا شکار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے نایاب قسم کے پرندوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔ ہائی کورٹ سکھر نے دلائل سننے کے بعد نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔