اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیلف ڈیکلریشن سکیم متعارف کروانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروبار نہ صرف روزگار کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہیں بلکہ جی ڈی پی کا 40 فیصد حصہ اور برآمدات کا بھی 25 فیصد حصہ ان کاروباروں سے آتا ہے۔ چھوٹی اور بڑی معاشی سرگرمیوں میں خصوصی اہمیت کے حامل ہونے کے باوجود ماضی میں ان کاروباروں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی سطح پر قابلِ ذکر کوششیں نظر نہیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مذکورہ کاروباروں کو ہر قسم کی مراعات فراہم کر کے ان کو خود مختاری دینے کے لئے کوشاں ہے۔ نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2021ءاسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس پالیسی کا مرکزی مقصد چھوٹے اور درمیانے طبقے کے کاروبار کرنے والوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت ایس ایم ایز کو قیام سے لے کر مصنوعات اور خدمات کی فروخت تک، ہر قدم پر بہت سی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کاروبار کے آغاز کی حوصلہ افزائی کے لئے ایس ایم ایز کے لئے صنعتی زونوں میں 4200 ایکڑ زمین کی خصوصی الاٹمنٹ کی جائے گی جو مسابقتی بنیادوں پر تقسیم کی جائے گی۔ آغاز کی لاگت کم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے جائیں گے جس میں لینڈ لیز ماڈل پر اراضی کی فراہمی بھی شامل ہے۔