صحت کارڈ پر 10لاکھ روپے تک مُفت علاج ،یہ سہولت ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں؛ چوہدری فواد حسین

47

اسلام آباد،2دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پر 10لاکھ روپے تک مُفت علاج کی سہولت  فراہم کی  گئی ہے  ،یہ سہولت ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ  احساس پروگرام اور صحت کارڈ پروگرام بڑا منصوبہ ہے، پنجاب کے لئے صحت کارڈ کا ساڑھے تین سو ارب کا پراجیکٹ ہوگا، پنجاب کے تمام لوگوں کو دس لاکھ روپے تک علاج کی سہولت میسر ہوگی، ایسی سہولت کسی ترقی یافتہ ملک میں بھی میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان اور سندھ حکومتیں بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں، بلوچستان نے اپنی آمادگی ظاہر کر دی ہے لیکن سندھ نے ابھی تک آمادگی ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا کردار عوام مخالف ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ مفت علاج کی سہولت ہر پاکستانی کا حق ہے اس لئے سندھ حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس پروگرام میں شامل ہو تاکہ سندھ کے لوگوں کو بھی اس کا فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا پروگرام ہوگا جس میں وزیروں اور مشیروں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، شاید اسی وجہ سے سندھ حکومت پریشان ہے۔

سورس؛وی  این ایس،  اسلام آباد