طورخم بارڈر پرپاک افغان کو آپریشن فورم نے امدادی سامان کے 7 ٹرک افغان حکام کے حوالے کر دیئے

84

لنڈی کوتل،14دسمبر (اے پی پی):پاک افغان کو آپریشن فورم کی طرف سے امدادی سامان کے 7 ٹرک  طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کر دئیے گئے۔ پاک افغان کو آپریشن اور خدیجتہ الکبریٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی سے مفتی طارق مسعود مفتی محمد فیاض اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل اشرف الدین نے امدادی سامان سے بھرے  7ٹرک  افغان عہدیدار محمد نسیم احمد ی کے حوالے کئے جس میں ادویات،کمبل اور اشیاء خورد نوش  شامل تھیں۔

اس موقع پر افغان عہدیدارمحمد نسیم احمدی نے کہا کہ افغانستان میں میں 10لاکھ سے زائد بچے غذائی   قلت کا شکار ہیں جبکہ دیگر افغان شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا  ہے اس لئے اقوام متحدہ اور دیگر ممالک اس مشکل گھڑی میں افغانستان عوام کوبھرپور مالی امداد اور دیگر امدادی سامان فراہم کریں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آسکے اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاک افغان فورم نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں افغان عوام کی مدد کی  ہے جس پر ہم پاکستان  کی حکومت اور  عوام کے شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر    خدیجتہ الکبریٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ مفتی مسعود نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغا ن عوام کے  لئے اس مشکل گھڑی میں 7ٹرک امدادی سامان افغان حکام  کے حوالے کیا گیا ہے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت امدادی سامان  کی فراہمی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ افعانستان عوام کے مشکلات میں کمی آسکے اور وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کےمخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ افغان عوام  کی معاونت  جاری رکھیں۔طورخم بارڈر پر افغانستان عوام کو 7ٹرک امدادی سامان حوالے کرنے پر افغان   حکام نے پاکستان کی حکومت  اور پاک افغان فورم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔