عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی براۓ موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم

22

اٹک،15 دسمبر (اے پی پی):  وزیراعظم کے معاون خصوصی براۓ موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین سوشل ویلفیئر کمیٹی اٹک  ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے  دفتر میں  سوشل ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  اجلاس میں سوشل ویلفیئر کمیٹی اٹک کی نگرانی میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سی ایس آر (CSR) فنڈز کے تحت جاری عوامی فلاح کی سکیموں سے علاقے کو فائدہ حاصل ہوا ہے  اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہیں ہیں۔

 متعلقہ افسران نے معاون خصوصی کو سی ایس آر (CSR) کے تحت ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بحالی اور مرمت سمیت دیگر سکیموں پر کام جاری ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کئے جارہیں ہیں۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی براۓ موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ عوامی منصوبوں کے کام اعلی معیار کے ہونے چاہیے اور ان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔  تمام ترقیاتی کاموں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائےاور تمام اسکیموں کی بروقت تکمیل  یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں مکھڈ ، انجرا کے اردگرد دیگر علاقوں کے عوام کے لیے مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔  اجلاس میں سابقہ اجلاس کے ایجنڈے پر جاری کی گٸی ہدایات پر عمل درآمد کا جاٸزہ لیا گیا۔

اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف ملک خرم علی خان، ڈپٹی کمشنر  اٹک عمران حامد شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرضیہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر  جنڈ اعجاز عبدالکریم،  ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ضمیر احمد،فوکل پرسن ڈاکٹر جاوید اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔