لاہور،31 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 400ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے ہر خاندان کیلئے ہیلتھ انشورنس فلاحی ریاست کی طرف ملکی تاریخ کا سب سے بڑاا قدام ہے، مارچ 2022 تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس صحت کارڑ میسر ہوگا جس سے وہ سالانہ 10لاکھ روپے تک علاج کروا سکیں گے، خیبر پختونخواہ میں ہر خاندان کو صحت کارڑ دیا جا چکا ہے جبکہ بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی ہر خاندان تک صحت کارڈ پہنچائیں گے۔
وہ جمعہ کے روزگورنر ہاوس لاہور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے اس موقع پر لاہور ڈویژن کیلئے قومی صحت کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیا اور وزیراعلی پنجاب اور ان کی ٹیم کو اس انقلابی اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت اس راستے پر چل رہی ہے جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، اب پنجاب میں 400 ارب روپے سے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی اور یہ وقت بتائے گا کہ یہ منصوبہ میٹروبس ، اورنج ٹرین سے کہیں زیادہ عوام کو فائدہ پہنچائے گا۔ و
زیراعظم نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں اللہ تعالی نے قرآن کریم میں حکم دیا کہ رحمت اللعالمینﷺ کے راستے پر چلو اور یہی راستہ ہمارے لئے بہتری کا راستہ ہے اور اس سے انسان بڑا انسان بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا منصوبہ صحت کے شعبہ میں انقلاب لائے گا جس سے ایک ہیلتھ سٹرکچر بن جائے گا کیونکہ پہلے حکومت کو فنڈز خرچ کر کے ہسپتال بنانے پڑتے تھے جیسے موجودہ دور میں پنجاب میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر پر جتنی رقم خرچ ہو رہی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، مذکورہ منصوبہ کے بعد نجی شعبہ خود ہسپتال بنائے گا، اس کو حکومت طبی آلات کی ڈیوٹی فری درآمد، اراضی کی فراہمی سمیت مراعات فراہم کریگی۔