ملتان، 31 دسمبر (اے پی پی): سیکٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو پروجیکٹ کی بریفنگ پیش کی ۔
سیکٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے تین فلور کاترقیاتی کام آئندہ ماہ ہر صورت مکمل کریں، ترقیاتی کام میں تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیبر کی تعداد بڑھا کر دو شفٹوں میں کام کیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں کام مکمل کئے جا سکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ بلڈنگ کا گرئے سٹرکچر مکمل ہے جبکہ فنشنگ ورک پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس بلڈنگ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی شفٹنگ کے لئے سب سے پہلے تین فلوروں کو فوری طور پرمکمل کیا جا رہا ہے۔ ان تین فلوروں کا ٹائلز ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ بجلی، فائر فائٹنگ سسٹم اور سنٹرل ائر کنڈشنر سسٹم کی تنصیبات کا کام تیز سے جاری ہے ،بلڈنگ کی چار دیواری مکمل ہے جبکہ انٹری گیٹ اور سیکورٹی رومزکا کام ائندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا وسیم کو ہدایت کی کہ اس ترقیاتی پروجیکٹ کی روزانہ کی بنیاد پر تحریری پراگریس رپورٹ پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا علیحدہ سیکرٹیریٹ اس بلڈنگ میں بننے جا رہا ہے،جس کی وجہ سے بلڈنگ کی جلد تکمیل بے حد ضروری ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب زاہد اقبال ان کے ہمراہ تھے۔