ملتان،08 دسمبر (اے پی پی): سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز احمد نے
M-Tag کے حوالے سے شیرشاہ ٹال پلازہ M-5، سیکٹرI، پر میڈیا بریفنگ کی جس میں بتایا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق 7 دسمبر سے موٹروے(M-2) پر ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے اور اسکا اطلاق ان تمام موٹر ویز پر ہوگا جو مین راوی ٹال پلازہ کو جوائن کرتی ہیں،پابندی سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر لگائی گئی ہے کیونکہ جب گاڑی ٹول پلازہ پر زیادہ دیر کھڑی رہے گی تو دھواں خارج کرتی رہے گی جس سے آلودگی میں اضافہ ہوگا اور اَن فِٹ گاڑیاں سموگ پیدا کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہراؤں پر محفوظ سفر اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں عوام تعاون کرے۔ وہ تمام گاڑیاں جن پر ایم ٹیگ نہیں لگا وہ جلد از جلد ایم ٹیگ لگوائیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔ ایم ٹیگ لگوانے کا طریقہ کار بارے بات کرتے ہوے کہا کہ ایم ٹیگ صرف پانچ منٹ میں گاڑی میں لگ جاتا ہے۔ ایم ٹیگ لگوانے کے لئے شناختی کارڈ اور موبائل نمبر درکار ہوگا۔ اور ایم ٹیگ لگوانے کی کوئی فیس نہیں ہے بلکہ فری گاڑیوں میں لگایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ سیکٹر M-5, I کے تمام ٹال پلازہ جات پر بریفنگ آفیسر گاڑیوں کو ایم ٹیگ بارے بریفنگ بھی دے رہے ہیں۔