ملٹری کالج آف سگنلز (ایم سی ایس ) کے 28ویں کانووکیشن  کی تقریب کا انعقاد

69

راولپنڈی ۔7دسمبر  (اے پی پی):ملٹری کالج آف سگنلز (MCS) کے 28ویں کانووکیشن کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی۔  صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کمانڈنٹ ایم سی ایس نے گزشتہ ایک سال کے دوران کالج کی تعلیمی اور تحقیقی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان کے باصلاحیت انجینئرز کی اگلی نسل کے لیے ایسی شاندار تقریب کے انعقاد پر MCS کی فیکلٹی اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔  انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد دی اور NUST کے  کالجوں خاص طور پر MCS میں تعلیم کے معیار اور دنیا کی مشہور یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں اس کی بڑھتی ہوئی پوزیشن کو بھی سراہا۔  انہوں نے نوجوان گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ قوم اور انسانیت کی ترقی کے لیے محنت جاری رکھیں کیونکہ ہمارا مستقبل ملک کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔  الیکٹریکل (ٹیلی کام) اور سافٹ ویئر انجینئرنگ میں 199 طلباء کو انڈر گریجویٹ ڈگریاں دی گئیں۔  تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن، ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری، (ریٹائرڈ) فیکلٹی ممبران، ماہرین تعلیم اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔