اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت پر قابو پانے کیلئے حکومتی اداروں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون قابل تعریف ہے، پانی کے مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 5 واں ملک ہے، اس سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اور مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، حکومت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پانی کے مسائل کے حل کیلئے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پانی کے استعمال کے مؤثر نظام پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمالیہ کے خطے کے گلیشیئرز کے پانی اور دنیا کے بڑے ایری گیشن سسٹم سے سندھ اور پنجاب سیراب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پانی کا سماجی اور اقتصادی ترقی میں بڑا کردار ہے، ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کی کمی ایک بڑا چیلنج ہے، ملک میں زیرزمین پانی کی سطح گر رہی ہے جس کے نتیجے میں فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ فریقین اور اداروں کو اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے تعاون کرنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا خطرہ ہے جو کہ دیگر مسائل کا مؤجب ہے۔