مہنگائی صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، انشاءاللہ تین مہینے میں قیمتیں کم ہونگی؛ وزیراعظم عمران خان

23

میانوالی،11دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی صرف پاکستان کا  نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، انشاءاللہ تین مہینے میں قیمتیں کم ہو جائیں گی ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو میانوالی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ سے عوام کو ریلیف دینے  کیلئے50 ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدنی والی  پاکستان کی آدھی  آبادی کو آٹا ، گھی اوردالوں وغیرہ پر30فیصد سبسڈی دیں گے ، احساس راشن پروگرام کے تحت  ان کیلئے قیمتیں کم ہونگی ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کامیاب پاکستان پروگرام لا رہی ہے جس کے تحت 20 لاکھ کمزور ترین خاندانوں کو پانچ لاکھ  روپے تک بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے ، اس کے علاوہ کسانوں کو دیہات اور شہر میں کاروبار کیلئے بلا سود قرضہ اور گھرکی تعمیر کیلئے 27 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مارچ تک پورے صوبہ پنجاب میں ہرخاندان کو انصاف صحت کارڈ کی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہرخاندان کے پاس دس لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہوگی اور وہ نجی اور سرکاری ہسپتالوں سے مفت علاج کراسکیں گے۔

 وزیر اعظم  عمران خان  نے کہا کہ اگر غریب گھرانے میں بیماری ہوتو وہ مقروض ہوجاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں  کی تعلیم کیلئے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سکالر شپ لا رہے ہیں اور نوجوانوں کو 47 ارب روپے کے وظائف میرٹ پر دیئے جائیں گے تاکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند غریب گھرانوں کے 62 لاکھ نوجوانوں کو سکالر شپ مل سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا ہم ایک آزاد ملک میں اور کبھی بھی کسی کی غلامی نہیں کریں گے، اپنے پائوں پرکھڑے ہوکر اپنے فیصلے خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزادانہ فیصلے نہیں کئے جاسکے لیکن اب پاکستان میں عوام کی بہتری اور فلاح وبہبود کے فیصلے ہونگے۔