میانوالی،  میرا زور سب سے پہلے آپ کی تعلیم پر ہے؛ وزیراعظم عمران خان کا میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب

38

میانوالی،11دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ   ہمارے دور حکومت میں میانوالی میں ریکارڈ ترقی ہوگی، میانوالی کے عوام کی خدمت کرکے ان کا احسان اتاروں گا، میانوالی میں تعمیرہونے والی نمل یونیورسٹی پاکستان کی آکسفورڈ یونیورسٹی ہوگی جس میں پورے ملک سے طلباء تعلیم کیلئے آئیں گے ، میرا زور سب سے پہلےمیانوالی کے عوام کی تعلیم پر ہے۔

 ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو میانوالی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔   وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونگے تو پسماندہ علاقوں میں سب سے زیادہ اور تاریخی ترقی ہوگی جو ماضی میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میانوالی کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی اللہ تعالیٰ موقع دیں گے تو میں اپنی کارکردگی اورخدمت سے ان کا احسان اتاروں گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے انتخاب سے قبل وعدہ کیا تھا کہ بھکر، ڈیرہ اسماعیل خان ، میانوالی اور قبائلی علاقوں سمیت پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دی جائے گی کیونکہ سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے پسماندہ علاقوں کی عوام غریب سے غریب تر جبکہ امیر طبقہ امیر ترین ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں کو اپنے دور حکومت میں سب سے زیادہ ترقی دی جائے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دے رہا ہوں تاکہ سکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر ہو اورخواتین کو بھی بہترین تعلیم حاصل ہوسکے۔