فیصل آباد،5دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ملک میں انڈسٹریلائزیشن اور زرعی گروتھ کے بعد وزیراعظم عمران خان کا فوکس ملکی آبادی کے 60 فیصد پر مشتمل 18 سے 35 سال کی یوتھ پرہے، ہیومن کیپیٹل پر خرچ کرکے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لائیں گے۔
اتوار کوریسورس اکیڈیمیامین ایسٹ کینال روڈ سعید کالونی ون فیصل آباد میں چناب زون زونل کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی بہبود وزیراعظم کی توجہ کا مرکز ہے اور اسی لئے موجودہ حکومت نہ صرف نوجوان نسل کی ترقی پربھرپور توجہ دے رہی ہے بلکہ اس ضمن میں کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تربیت فراہم کی جارہی ہے ، ان میں سے25 ہزار سرٹیفائیڈ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے ہیں جبکہ احساس پروگرام کے تحت ہر سال 50 ہزار سکالر شپ بھی دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ نوجوان نسل کی ترقی وزیر اعظم عمران خان کی توجہ کا مرکز ہے اسلئے وزیراعظم کے ویژن کے تحت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے نیزپی ایم کے ویژن کے تحت انسانی وسائل کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کیااور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہوگا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ جب تک ملکی آبادی کا نوجوانوں کی اکثریت پر مشتمل حصہ معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا نہیں کرتا اور حکومتی وسائل و پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے قدموں پر کھڑا نہیں ہوتا اس وقت تک قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جہاں کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں وہیں ملکی تاریخ میں پہلی بار 25000 انٹرپرینیورز کو30 ارب روپے کے سافٹ لونز بھی فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ ایسے باصلاحیت، ہنر مند، ٹیکنیکل ہینڈ اور پڑھے لکھے نوجوان جن کے پاس آئیڈیاز اور کچھ کر دکھانے کا جذبہ تو ہے مگر اپنے خیالات اور خوابوں کو عملی تعبیر دینے کیلئے سرمایہ نہیں و ہ سادہ و آسان شرائط پرقرضے حاصل کرکے اپنے کاروبار شروع کرتے ہوئے نہ صرف اپنے قدموں پر کھڑے ہوسکیں بلکہ نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے دوسروں کو بھی نوکریاں دینے کے قابل ہوسکیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اورپاکستان کی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہیومن کیپیٹل کی معاشی ترقی میں فعال کردار کو یقینی بنانے کیلئے کامیاب جوان پروگرام اور احساس پروگرام جیسے بڑے منصوبے شروع کئے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ آ ج با صلاحیت نوجوانوں کو ترقی کی نئی منازل مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کونالج اکانومی کے بڑے خواب دیکھنا ہوں گے اور ان خوابوں کی تکمیل کیلئے خوف کے بتوں کو توڑنا ہوگا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات صرف 80 کروڑ ڈالر تھیں مگر ہم نے مختصر عرصہ میں اسے 2 ارب ڈالر تک پہنچایا اور انشااللہ رواں سال آئی ٹی کی برآمدات میں پاکستان 3 ارب ڈالر عبورکر جائے گا اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ٹیکنالوجی کے اندر دنیا کا مقابلہ بہتر انداز میں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ٹیکنیکل ایجوکیشن بشمول موبائل ایپس اور ویب ڈیزائننگ سمیت 100 کے قریب سرٹیفکیشنز کے ذریعے نوجوانوں کو اس قابل بنا دے گی کہ وہ نہ صرف اپنا کام کرکے اپنے قدموں پر کھڑے ہوں جس سے وہ والدین پر معاشی بوجھ نہیں رہیں گے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنی مزید اعلیٰ تعلیم کا خرچہ بھی اٹھا سکیں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اس پروگرام کے تحت جو ایک لاکھ نوجوان انرولڈ ہوئے ان میں سے 25 ہزار سرٹیفائیڈ ہوکر پیسہ بھی کمانے لگ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹریننگ و وسائل ہم دیں گے لیکن ملکی تعمیر و ترقی میں کردار انہیں ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت انڈر گریجوایٹس سکالر شپس کا اجرا کیا ہے جس کے تحت ایسی فیملیز جن کے سربراہ کی آمدن یا تنخواہ 45 ہزار روپے ماہانہ ہے اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ان کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کر پارہے حکومت انہیں ہر سال اربوں روپے کے 50 ہزار سکالر شپ دیکر ان کی تعلیم کا تمام خرچ اٹھا رہی ہے اور اس وقت تک ملک بھر میں کل 50 ارب سے زائد کے سکالر شپ تقسیم کرکے ہیومن کیپیٹل پر انویسٹمنٹ کی نئی مثال قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کے ملکی تعمیر و ترقی میں کردار کا وقت آگیا ہے اور ہمارے پاس نادر موقع ہے کہ ہم نالج اکانومی کی جانب رجوع کریں اور روایتی نظام سے باہر نکل کر بڑے بڑے خواب دیکھنے سمیت خوف کے بت توڑ دیں کیونکہ جس وقت تک ہمارے دل و دماغ میں ناکامی کا خوف رہے گا ہم کبھی ترقی نہیں کرسکتے اور ہمیں اس بات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا کہ ناکامی ہی دراصل کامیابی کا زینہ ہے لہٰذاجب ہمارے ذہنوں سے یہ خوف دور ہو جا ئے گا تو ہم آگے سے آگے بڑھتے جا ئیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ جو شخص آپ کا حوصلہ توڑتا ہے وہ آپ کا دشمن اور جو شخص آپ کو بلا خوف و خطر آگے بڑھنے کی ہمت دیتا ہے وہ آپ کا دوست ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں جتنے نوجوان بیٹھے ہیں انہیں سب لیڈر اور سب میں لیڈر شپ نظر آرہی ہے مگر ضرورت صرف جذبے اور ہمت و حوصلے کی ہے اسلئے نوجوان آگے بڑھیں حکومت انہیں مکمل سپورٹ کرکے انہیں حقیقی معنوں میں علامہ اقبال کا شاہین بنانے میں معاونت فراہم کرے گی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ مایوسی اور منفی رجحانات پھیلانا آسان ہے لیکن ہمیں مثبت رویوں اور پازیٹیویٹی کو فروغ دینا ہوگا کیونکہ ہم اس کے بغیر نہ تو ترقی کرسکتے اور نہ ہی کامیاب انسان بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کے بڑے بڑے ممالک کو ٹیکنالوجی میں کمپیٹ کرے گا کیونکہ ہم میں بہت پوٹینشل موجود ہے اسلئے ہم ثابت کردیں گے کہ پاکستان کے نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے دنیا میں کسی سے کم نہیں اور جب وہ ٹھان لیں تو ہر ناممکن کو ممکن بناسکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔
قبل ازیں چناب زون زونل کانفرنس کے آرگنائزر اور ریسورس اکیڈیمیا کے ماہرین نے بھی خطاب کیا اور ادارہ کی اچیومنٹس پر روشنی ڈالی۔