لاہور14دسمبر(اے پی پی): معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے نیا پاکستان صحت کارڈ کا جنوری سے اجرا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء جنوری کے آغاز میں لاہور ڈویژن سے کیا جائے گا اور 31 مارچ تک اس کا دائرہ کار راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژن تک بڑھا دیا جائے گا- انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے نیا پاکستان صحت کارڈ پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور خاندان کے سربراہ کا نام کنندہ کرنے، پنجاب ہیلتھ اینشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور سٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان معاہدے اور نیا پاکستان صحت کارڈ کے فارمیٹ اور ڈیزائن کی بھی منظوری دے دی۔ حسان خاور نے بتایا کہ تاریخ ساز یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 3 برس میں تقریباً 400 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اس کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی۔