وزیراعظم  عمران خان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر جاندار انداز میں اجاگر کر رہے ہیں؛ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

48

اسلام آباد،10دسمبر  (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر جاندار انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف دلاتا ہوں جہاں بھارتی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔بھارت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے ڈائسپورہ کو متحرک کرنا ہو گا۔میری کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی طور پر کوششیں کی جائیں۔ ہم انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اُن کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ ہیں اور ہم اُن کی آواز دنیا کے ہر فورم پربھرپور انداز میں پہنچائیں گے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی گزشتہ روز کہا ہے کہ اگر بھارت میں کوئی بہتر حکومت آئے تو اُس سے مسئلہ کشمیر پر بات ہو سکتی ہے ہم نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے لیکن بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے لہذا اب وقت آگیا ہے کہ بھارتی مظالم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کیا جائے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی بے پناہ خلاف ورزیاں کر رہا ہے ہمیں اُسے دنیا کے سامنے بے نقاب کر نا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کے تھنک ٹینک کشمیر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسیمینار سے بھارت میں پاکستان کے سابق سفیر عبدالباسط، سیکرٹری لبریشن سیل اعجاز حسین لون،حریت رہنماء الطاف وانی،نامور محقق اور دانشور ڈاکٹر مشتاق احمد،محقق اور دانشور ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیر کے مقدمے کو ڈائسپورہ کی مدد سے عالمی سطح پر متحرک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نیویارک،برسلز،پیرس،برطانیہ میں ہندوستان مخالف مظاہروں کی قیادت کی۔بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اب دنیا تسلیم کرتی ہے اور ان پر توجہ دیتی ہے ایسے موقع پر ہمیں اپنا مقدمہ پراثر انداز میں اجاگر کرنا ہو گا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو ہندوستانی جارحیت کے ثبوت دیئے یورپی ملکوں میں عوامی رائے ہمارے ساتھ ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے مقبوضہ کشمیر کے بہادرعوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔صدر نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا آزادجموں و کشمیر کی یونیورسٹیاں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سابق سفیر عبدالباسط نے کہا کہ بھارت پر ابھی دباؤ نہیں ہے اس لئے اُس نے مقبوضہ کشمیر میں مختلف تبدیلیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ہمیں  بھارت پر دباؤ ڈالنا ہو گا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بند کرے اور مسئلہ کشمیر کو حل کریں۔

 سیکرٹری لبریشن سیل اعجاز حسین لون نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے اعدو شمار سے قارئین کو آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

نامور محقق اور دانشور ڈاکٹر مشتاق احمد نے مسئلہ کشمیر کے آئینی اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی۔