کراچی،10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو کراچی کے شہریوں کے لئے جدید ترین سفری سہولیات کے حامل 35.5 ارب روپے کی لاگت کےگرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کردیا ۔ یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی عوام خصوصا اہلیان کراچی کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے جس سے مغربی اور وسطی اضلاع کے 135,000 مسافروں کو روزانہ جدید ترین سفری سہولیات کے ساتھ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ تک رسائی آسان اور محفوظ بن سکے گی۔21 کلومیٹر لمبے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کوری ڈور پر 22 اسٹیشنز، ٹکٹنگ رومز، برقی زینے اور سیڑھیاں موجود ہیں،جہاں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بیک اپ جنریٹرزکی سہولت موجود ہے۔گرین لائن بس سروس میں مرد، خواتین اور بزرگوں کے لیے الگ دروازے مختص ہیں۔بس کے دونوں اطراف میں دروازے نصب ہیں پہلا دروازہ خواتین کے لیے ، دوسرا فیملی اور تیسرا مردوں اور لڑکوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ہر بس میں معذور افراد کے لیے بورڈنگ برج اور بیٹھنے کا خصوصی انتظام ہے۔ 150 مسافروں کی گنجائش کے ساتھ 18 میٹر لمبائی کی حامل80 ڈیزل ہائبرڈ اور ایئرکنڈیشنڈ بس سروس سرجانی سے میونسپل پارک تک 22 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی ۔ہر بس میں معلومات اور تشہیر کے لیے ڈیجیٹل سکرینز، سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جبکہ بس سٹیشن پر موجود سہولیات میں ایسکیلیٹرز،لفٹ سروس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مسافروں کی سہولت کے لیے ٹکٹ وینڈنگ مشینز بھی نصب کی گئی ہیں ،بس میں سیل فون چارجنگ پورٹ کی سہولت بھی موجود ہے اور فائر اینڈ سیفٹی ایکوپمنٹ بھی لگایا گیا ہے۔
اس منصوبے کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی خصوصی دلچسپی پر وفاقی وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ذریعے تعمیر کروایا ہے۔