وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی آئین پر نظر ثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی سکیم کی منظوری دے دی

16

اسلام آباد،30دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی آئین پر نظر ثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی سکیم کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم ترین اجلاس وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  کی زیرصدارت جمعرات کو ہوا۔اجلاس میں وزیرخارجہ و وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی و مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے شرکت کی ۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کے آئین پر نظرِثانی کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے نظرِثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی اسکیم کی منظوری دے دی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مرکزی سیکرٹری جنرل کی قیادت میں نئے نامزد کردہ ذمہ داران کو نچلی ترین سطح تک تنظیم سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی فوری ہدایت  کی۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف وفاقِ پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے، سیاسی و انتظامی طور پر نچلی ترین سطح تک عوام کو بااختیار بنانے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں سماج کے غریب طبقے کی بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، صحت کارڈ سے سستے راشن کی سکیموں تک حکومت فلاحی ریاست کی طرز پر عوامی بہبود پر غیر معمولی وسائل صرف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان تحریک انصاف کی حکومت کے فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے عمل میں شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ  تحریک انصاف کے تنظیمی ذمہ داران ہر سطح پر خود کو منظم اور آئندہ کے سیاسی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کریں۔