اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے ہونے والے انتخابات پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کو بین الاقوامی میری ٹائم ٹرانسپورٹیشن بزنس میں پاکستان کے لئے زیادہ سے زیادہ حصہ حاصل کرنے کے لئے آئی ایم او کنونشن کے دوران برطانیہ، قطر، سعودی عرب، ملائیشیا اور مالدیپ کے وزرائے ٹرانسپورٹ کے ساتھ ہونے والی سائیڈ لائن ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو حکومت کے سی فیئررز کی سہولت کیلئے اقدامات، کورونا وباء کے دوران بہتر پالیسیوں کی بدولت بندرگاہوں پر بہتر انتظام اور کراچی میں کراچی پورٹ کی ویکسی نیشن مہم کے بارے میں مثبت تاثرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے عالمی بحری تجارت میں پاکستان کا کردار بڑھانے کے لئے وزیر بحری امور کی کاوشوں کو سراہا۔