وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت

46

اسلام آباد ، 15 دسمبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت  بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وزیر خارجہ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔اجلاس  میں وزیر خارجہ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات دیں.

اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  کہا کہ  پاکستان اکتالیس برس کے بعد او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس برائے افغانستان کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، اس اجلاس کے توسط سے افغانستان میں تیزی سے ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے اور افغانستان کے امن و استحکام کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے غور و خوض کا ایک سنہری موقع میسر آئے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد حسین چوہدری نے خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزارتِ خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران ،پی آئی او سہیل علی خان، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی مس عنبریں جان، ایم ڈی اے پی پی مبشر حسن سمیت وزارتِ اطلاعات کے سینیئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے ۔