اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان کے نامور باکسرز عثمان وزیر اور آصف ہزارہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عثمان وزیر پاکستان کے نامور باکسر ہیں جنہوں نے ایشین ٹائٹل کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ ٹائٹل بھی جیت لیا جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے پاکستان باکسنگ ٹیم کے سابق کپتان آصف ہزارہ کو بھی ایشین ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عثمان وزیر اور آصف ہزارہ جیسے نوجوان پاکستان کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام عثمان وزیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی پشت پر کھڑے ہیں، عثمان وزیر کا اگلا ٹارگٹ اولمپکس میڈل ہونا چاہئے۔