اسلام آباد ، 24 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے،پاکستان کے قیام کا بڑا مقصد اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ تھا،قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ءکی آئین ساز اسمبلی سے خطاب میں واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نےسر کاری خبر رساں ادارے اے پی پ کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان کے اندر اقلیتوں کے کردار کو مزید سراہا جائے گا، کرسمس کی دلچسپ اور زبردست تاریخ ہے، ہر نئی صدی میں کرسمس میں نئے رنگ بھرتے گئے جبکہ کرسمس کو ہمیشہ خوشیوں کا تہوار تصور کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور اے پی پی میں کرسمس کی تقریب کے انعقاد پر خوشی ہوئی،اس طرح کی تقریبات کا انعقاد اس لئے ضروری ہے کہ لوگوں کو بتایا جا سکے کہ ریاست میں تمام اقلیتوں کے لوگ شامل ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کرسمس کیک بھی کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی جبکہ مسیحی ملازمین میں سوینئرز بھی تقسیم کئے۔
وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مبشر حسن، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی عدیلہ رباب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔