پاکستان ہر طرح کی امداد کو افغانستان تک پہنچانے میں معاونت فراہم کر سکتا ہے ، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف

25

اسلام آباد۔9دسمبر  (اے پی پی): وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے  ’نئے علاقائی تناظر میں سی پیک‘ کے موضوع پر منعقدہ سیشن کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس افغانستان میں انسانی بحران سے نبر د آزا ہونے کے لیے درکار وسائل موجود نہیں جبکہ بین الاقوامی امداد وصول کرنے کے لیے افغانستان میں بینکوں کا درکار نظام موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی امداد کو افغانستان تک پہنچانے میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مزید مہاجرین کا بوجھ اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے اور اس وقت ہمارے سامنے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ افغانستان کو کس طرح  انسانی بحران سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔سیالکوٹ کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کسی بھی صورت کا قبول نہیں کیا جا سکتا۔ایسے واقعات کے سد باب کے لیے تما م قوم کو اٹھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا مستقل بنیادوں پر سد باب کی ضرورت ہے۔