چنیوٹ، 17 دسمبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام انسداد سموگ سے آگاہی کے حوالے سے جمعہ کو یہاں واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کی۔ آگاہی واک ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر ختم نبوت چوک تک کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ سموگ بہت خطرناک ہے، ہر شخص کو اس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی موجودگی میں گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک اور چشمے کا استعمال لازمی کریں۔ اس واک کا مقصد لوگوں کو آگاہی دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ انسداد سموگ کے حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
آگاہی واک سے میاں شوکت علی تھہیم نے بھی خطاب کیا اور سموگ کے حوالے سے آگاہی دی۔
آگاہی واک میں ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں شوکت علی تھہیم، اقبال خان لاشاری، محکمہ ماحولیات، زراعت، ایجوکیشن،ہیلتھ، سول ڈیفنس، ایم سیز، پولیس و دیگر محکموں کے افسران، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان و دیگر موجود تھے۔