لاہور،31 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت کاروبار اور زراعت کیلئے 5،5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کر رہے ہیں۔
وہ جمعہ کے روزگورنر ہاوس لاہور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ کم آمدن والے طبقہ کیلئے بینکوں سے قرضوں کا بندوبست کیا جس کیلئے 110 ارب روپے کے قرضے منظور ہو چکے ہیں جبکہ 34ارب روپے لوگوں کو مل چکے ہیں، اسی طرح کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 20لاکھ خاندانوں کو اخوت کے ذریعے گھر بنانے کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں جبکہ شہروں اور دیہاتوں میں بلا سود کاروبار کیلئے 5لاکھ روپے کے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاک کہ احساس راشن پروگرام میں 54 فیصد آبادی کو آٹا، گھی، دالیں 30 فیصد سبسڈی کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہے،ان تمام اقدامات کا مقصد ہے کہ مدینہ کی ریاست نے جو راستہ دکھایا ہم اس پر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پنجاب نے دلیری کے ساتھ ہیلتھ انشورنس کے منصوبہ کو شروع کیا اور ہماری پوری تیاری ہے کہ اس منصوبہ کی راہ میں حائل مسائل کو بھی حل کریں گے اور مارچ تک پورے پنجاب کے گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔