لاہور 22 دسمبر ( اے پی پی ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ ہماری وہ واحد حکومت ہے جس نے میرٹ کی بات کی تو اس پر کام بھی کر رہی ہے ۔ماضی کی حکومت صرف لاہور پر ہی پیسہ خرچ کرتی رہی تاہم بزدار حکومت نے تمام اضلاع کو 6 ارب سے 25 ارب کے تاریخی ترقیاتی پیکج دیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں انصاف سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام نیشنل سٹوڈنٹس لیڈر شپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے میرے حلقے پی پی ون کو دس ارب دیے ہیں تاکہ لوگوں کو راولپنڈی یا لاہور جانے کی ضرورت نا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ پناہ گاہیں بنانے کا بنیادی مقصد بھی عوام کی خدمت ہے کوئی بھی شخص ایک شہر سے دوسرے شہر جائے تو اسے کھانا اور صاف ستھرا بستر ملے۔











