ہمارے گیس کے ذخائر میں کمی آ رہی ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو

30

اسلام آباد۔17دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین  نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل  کے ساتھ  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارے گیس کے ذخائر میں کمی آ رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اطہر نے گیس کے معاملہ پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے 2300 انڈسٹریل یونٹس میں سے 1800 انڈسٹریل یونٹس کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر جاری ہے، حکومت کے لئے 2100 سے 2300 روپے میں گیس خرید کر 600 سے 700 روپے میں دینا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹو پلانٹس کو گیس دینے کا مطلب یہ ہے کہ مقامی صارفین کے لئے گیس مکمل طور پر بند کر دی جائے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزارت توانائی کا موقف ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس غیر فعال ہیں، مزید سبسڈی دینا درست نہیں کیونکہ یہ پلانٹس گیس سے بجلی بنا رہے ہیں، بجلی پہلے زیادہ ہے اور اس پر رعایتی نرخ بھی چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گیس کا مسئلہ زیادہ ہے، کراچی میں 50 ٹاپ ایکسپورٹرز کو گیس دی جا رہی ہے، کراچی میں ڈومیسٹک نیٹ ورک کی وجہ سے مسئلہ زیادہ شدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے ذخائر میں گزشتہ برس 9 فیصد کمی ہوئی اور اس سال پھر 9 فیصد کمی ہوئی۔ ہم نے اپنی کیرج صلاحیت کے مطابق گیس منگوائی، مہنگی ایل این جی درآمد کر کے ڈومیسٹک استعمال میں نہیں دی جا سکتی۔