احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، سپیکر کی چیئر کا احترام ہوناچاہیے؛وزیر مملکت علی محمد خان

34

اسلام آباد،14جنوری  (اے پی پی):پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن سپیکر کی چیئر کا احترام ہوناچاہیے، پی آئی ڈی اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے لیے اعزازیہ  کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بات کی گئی ہے۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں شازیہ مری کے نکتہ اعتراض پر انہوں نے بتایا کہ بجٹ کے موقع پر وزیر خزانہ نے سیشن کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے جن اداروں کے ملازمین کے لیے اعزازیہ کا اعلان کیا، اس میں تقریباً سارے ادارے شامل ہیں، پی آئی ڈی اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے نام رہ گئے تھے، کل میں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان کے نام بھی شامل کیے جارہے ہیں۔علی محمد خان نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، کل اپوزیشن نے احتجاج کیا اور ایوان میں بھی اپنی رائے کا اظہار کیا، اپوزیشن کا موقف عوام کے سامنے آیا ہے تاہم آخری پندرہ منٹ میں اپوزیشن کے ارکان نے جس طرح کاغذ سپیکر کی چیئر پر پھینکے وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، سپیکر کی کرسی کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔قبل ازیں شازیہ مری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ کے موقع پر اسمبلی میں ڈیوٹی دینے والے ملازمین کے لیے اعزازیہ  کا اعلان کیا تھا لیکن اس میں کئی اداروں کے ملازمین کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے، وزیر خزانہ کے وعدے پر عملدرآمد کیا جائے۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد