حکومتی پالیسی کا محور معیشت کی ترقی کیساتھ عام آدمی کو ریلیف دینا  ہے؛ وفاقی وزیر  اسد عمر

39

کوئٹہ،16جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسی کا محور معیشت کی ترقی کیساتھ عام آدمی کو ریلیف دینا  ہے ،   مقامی   صنعتوں کو درپیش مسائل کا ہمیں ادراک ہے  ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو بلوچستان کے علاقے لسبیلہ گڈانی کے دورہ کے  موقع پر پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رفیق سلام کی قیادت میں مقامی صنعت کاروں کے وفد  سے  بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے مسائل اور کسٹم  ٹیکس ٹیرف  سے متعلق تجاویز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کی ترقی کیلئے صنعت کاروں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،گڈانی میں اسپیشل اکنامک زون کا قیام اور صنعتکاروں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائیگی ۔

اس موقع پر پاکستان شپ بریکرزایسوسی ایشن کےچیئرمین معروف صنعت کار  رفیق سلام وائس چیئرمین  عبدالغنی میمن  نے بریفنگ میں وفاقی وزیر کو  بتایا کہ گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری  روزگار کا بڑا ذریعہ ہے جہاں 25 ہزار محنت کشوں کا براہ راست اور دولاکھ سے زائد افراد کا بالواسطہ روزگار منسلک ہے،شپ بریکرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر کو پیش کی گئی  عرضداشت میں مطالبہ کیا کہ گڈانی کیساتھ اسٹیل آئرن سٹی اور دیگر منسلک صنعتوں کیلئے اسپیشل اکنامک زون قائم کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ سستے گھروں کی تعمیر کیلئے سستے اور معیاری خام مال کی فراہمی میں وہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اسٹیل کے شعبے میں چند صنعتکاروں کی اجارہ داری ختم کی جائے اور آزادانہ مسابقت کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔

شپ بریکرز نے وفاقی وزیر کو بتایاکہ انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باوجودگڈانی شپ بریکنگ یارڈ سالانہ تین ملین ٹن اسکریپ کی گنجائش رکھتا ہے اگر وفاقی حکومت سرپرستی کرے تو اس صنعت سے وابستہ لاکھوں محنت کشوں کو روزگار کےمزید مواقع میسر یونگے  ۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے ساحلی پٹی گڈانی دورے کے موقع پر اسپیڈ بوٹ کے ذریعے حبکو اور بائیکو کا وزٹ اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے مختلف ایریاز کا معاِئنہ بھی کیا۔

سورس:وی این ایس، کوئٹہ