فیصل آباد  میں احساس بازار کا افتتاح کردیا گیا

53

فیصل آباد ،14جنوری  (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد  نے   جمعہ   کو یہاں   احساس بازار کا افتتاح کردیا  ہے ،بازار میں  مختلف سٹالز پربڑی تعداد میں بچوں و بڑوں، مردوں و خواتین کیلئے موسم سرما کی گرم جیکٹس،گرم چادریں،سویٹرز،جرسیاں،شالز و دیگر کپڑے اور لحاف رکھ دیئے گئے۔احساس بازارمسعود ٹیکسٹائل ملز،کلاش ٹیکسٹائل ملز، صداقت ٹیکسٹائل ملز، کے اے کے ایم اے ایل،ایم کے سنز پرائیویٹ لمیٹڈ،دی لائسیم سکول سسٹم  اور بعض دیگر مخیر اداروں کے تعاون سے لگایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے  احساس بازار کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد بازار میں قائم کردہ مختلف سٹالز پر گئے اور وہاں بچوں و بڑوں،مردوں و خواتین کیلئے رکھے گئے موسم سرما کے گرم جیکٹس،گرم چادروں،سویٹرز،جرسیوں،شالز و دیگر کپڑوں اور لحافوں کی کوالٹی کو چیک کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے احساس بازار فلیگ شپ پروگرام کے تحت ہر ضلع میں مخیر حضرات کے تعاون سے کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں جن میں مستحق مرد وں و خواتین اور بچوں کیلئے سردی کی مناسبت سے گرم ملبوسات و رضائیاں،گرم جیکٹس،جوتے و دیگر گرم ملبوسات رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بازارروزانہ صبح 11بجے سے شام 4بجے تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس بازار میں مستحق وضرورت مند غریب افراد کو مفت ٹوکنز کے ذریعے ایک ہی گرم چیز دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد نے کہاکہ یہ احساس بازار ایک ہفتہ کیلئے جاری رہے گا جبکہ ضرورت مند لوگوں کو دیکھتے ہوئے اگر ضرورت پڑی تو اس کومزید بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بازار میں روزانہ ایک ہزار تک ٹوکن ایشو کئے جائیں گے جن کے ذریعے غریب و مستحق خواتین و حضرات کو سردی کی مناسبت سے گرم کپڑے و دیگر سامان دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ بازار میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد نے باقاعدہ کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر بھی قائم کیا ہے تاکہ اگر کوئی ایسا شخص، مرد یا عورت اس بازار میں آئے جس نے پہلے کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین نہ لگوائی ہو انہیں فوری موقع پر ہی ویکسینیٹ بھی کردیا جا ئے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ اور اس کی نئی اومی کرون لہر سے بچنا ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ بازار میں آنے والوں کی ویکسی نیشن پوزیشن ضرور چیک کی جا ئے گی۔ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ضلع فیصل آباد کی 5مین شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثما ن بزدار کے اعلان کردہ ساڑھے 13ارب روپے کے خصوصی پیکیج میں سے ساڑھے 4ارب روپے منتقل ہو گئے ہیں جن سے ان سڑکوں کی تعمیر و مرمت شروع کر دی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ رقم بھی جلد ہی فیصل آباد انتظامیہ کو منتقل ہو جائے گی اور جون تک شہر کی 5مین شاہراہوں کو 100فیصد مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے کہاکہ اگر شہر میں کسی بھی جگہ کھلے مین ہولزموجود ہیں اور ان پر ڈھکن نہیں تو اس ضمن میں فوری طور پر ڈی سی آفس سے رابطہ کر کے انہیں کور کروایا جاسکتا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے یہ احساس بازار سردی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے قائم کئے جا رہے ہیں جو سردی کے ختم ہونے تک جاری رہ سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزو ں کے خلاف بھی حکومتی ہدائت پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے تاکہ مہنگائی میں کمی لائی جا سکے تاہم حکومت کی جانب سے ماڈل اور سہولت با زاروں میں آٹا اور چینی حکومتی سبسڈائز ریٹ پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا ئے گا اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جا ئے گی۔افتتاحی تقریب  کے  موقع پرپاکستان تحریک انصاف کی ممبر صوبائی اسمبلی فردوس رائے، پارلیمانی سیکرٹری لیبر پنجاب و ایم پی اے شاہد شکیل،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے بھائی نبیل ارشد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصل آباد محمد یوسف اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، فیصل آباد