کوئٹہ،3جنوری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پیر کو کوئٹہ سے براہ راست دبئی کی فلائٹ سروس کا افتتاح کردیا ہے۔ کوئٹہ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ سے دبئی براہ راست پرواز کی افتتاح سے بہت خوشی ہورہی ہے،کیونکہ بڑے عرصے سے یہاں سے براہ راست دبئی سروس لوگوں کا مطالبہ تھااور پی آئی اے نے یہ فریضہ سر انجام دے کر ایک بار پھر پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبانے ملک کے تمام شعبوں کو متاثر کیا،تاہم پی آئی اے کورونا وائرس کی وباکے دوران پی آئی بہت خوب کام کیا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے سسٹم کو بہتر کردیا ہے اور جہاز اب وقت پر چلتے ہیں۔پی آئی اے کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے لوگ ہمارا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ ائیرپورٹ پر نیا رن وے تعمیر ہورہا ہے،نئے رن وے سے بڑے جہاز بھی یہاں آئینگے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے دبئی فلائٹ عوام کو دیرینہ مطالبہ تھا، دبئی کے لیے پروازوں کا آغاز حکومت کے وعدوں کی تکمیل ہے۔انہوں نے کہا کہ دبئی پرواز کے لیے بلوچستان کے عوام کو کراچی جان پڑتا تھا، برراہ راست پرواز سے بزنس کمیونٹی کو بہت فائدہ ہوگا۔