بھارت میں نفرت کی آگ بھڑك رہی ہے اور پاکستان دلوں كو جوڑ رہا ہے ، ہمیں دو قومی نظریہ پر فخر ہے ؛ صدر مملكت عارف علوی کا کیڈٹ کالج گھوٹکی میں کیڈٹس سے خطاب

49

سکھر،25جنوری  (اے پی پی):صدر مملكت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے اور پاکستان دلوں كو جوڑ رہا ہے ،  ہمیں دو قومی نظریہ پرفخر ہے ، جب بھارتی حکومت مسلمانوں کے خلاف ظلم کی  داستانیں  رقم کر رہی ہے تو ایسے وقت میں دو قومی نظریہ  زیادہ شدت سے اجاگر ہو  رہا ہے  ،   پاکستان ترقی کر رہا ہے اورسی پیک سے پاکستان کی  معاشی اہمیت بڑھی ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انهوں نے منگل کو کیڈٹ کالج گھوٹکی میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملكت عارف علوی نے کہا کہ کیڈٹ کالجز کی تاریخ شاندار رہی ہے ، معاشرہ خصوصاً افواج پاکستان کے لیے ان كالجز نے اعلیٰ تعلم یافتہ ذہن پیدا کئے ہیں ۔ ان اداروں میں میرٹ نہ ہو  تو طلبہ کی محنت ضائع ہو  جاتی ہے ۔میرٹ کی پامالی سے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں ۔ اس وقت کے معاشرہ کی ضرورت ہے کہ معیشت بہتر ہو اس کے  طلبہ کو تیار کرنا چاہئے ۔

 صدر مملكت نے کہا کہ طلبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ دیں ، ملک میں خاموش انقلاب آرہا ہے ۔ انہوں  نے کہا کہ ہم اخلاقیات کے حوالے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستانی قوم اخلاقی اعتبار سے مضبوط قوم بن چکی ہے ۔ عوام جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں ۔ پہلے تمام حکومتوں نے افغان مہاجرین  کی کبھی بات نہیں کی تھی ، ہم نے افغان مسئلے كو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے ۔پاکستان میں چالیس لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں ، کبھی کسی نے اعترض نہیں کیا۔

صدر  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دو قومی نظریہ پر ہمیں فخر ہے ،جب بھارت میں نفرت کی آگ بھڑک اٹھی ہے اور بھارتی حکومت مسلمانوں کے خلاف ظلم کی  داستانیں  رقم کر رہی ہے تو ایسے وقت میں دو قومی نظریہ  زیادہ شدت سے اجاگر ہو  رہا ہے  ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ میرا ملک دنیا کا طاقتور ترین ملک ہوگا۔

 صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آنے والا وقت کمپیوٹر کے ذریعے براہ راست علم حاصل کرنے کا وقت ہوگا، طلبہ کو جذبہ پاکستانیت کے تحت ایمان اور اتحاد پر قائم رہتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم حاصل کرنا چاہئے ۔ انهوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے ، سی پیک سے معاشی اہمیت بڑھی ہے کیوں کہ پاکستان وسطی ایشیا کے ممالک کیلئے تجارتی  مرکز  بن سکتا ہے۔