تحقیقی منصوبہ جات کے اغراض و مقاصد محکمانہ ترجیحات کے مطابق ہوں تاکہ انکے ثمرات حقیقی معنوں میں مویشی پال تک پہنچائے جا سکیں؛ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نوید حیدر شیرازی

35

اوکاڑہ،14جنوری(اے پی پی ): سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نوید حیدر شیرازی  نے کہا ہے کہ تحقیقی منصوبہ جات کے اغراض و مقاصد محکمانہ ترجیحات کے مطابق ہوں تاکہ ان منصوبہ جات کے ثمرات حقیقی معنوں میں مویشی پال تک پہنچائے جا سکیں ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لائیوسٹاک نوید حیدر شیرازی نے لائیوسٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ بہادر نگر کے دورہ کے دوران کیا ۔ جس کے دوران انہوں نے جانوروں کے باڑوں سمیت لیبارٹریز، ٹریننگ سینٹر اور فیلڈ مل کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ دورہ کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک کو ادارہ کی کارکردگی بارے بریفنگ بھی دی گئی ۔بریفنگ کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک نوید حیدر شیرازی کا کہنا تھا کہ لائیوسٹاک فارمز کا اقتصادی تجزیہ کیا جائے تاکہ ان کو اقتصادی سطح پر مستحکم کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک فارمز کے عملہ اور مویشی پال کے لیے تربیتی سیشنز کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں عملی مہارت کے لیے روٹیشن پالیسی وضع کی جائے ۔بہادرنگر فارم میں جاری ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے سیکرٹری لائیوسٹاک کا  کہنا تھا کہ سائیلج مشینوں کی فراہمی کے منصوبہ پر شفافیت سے عمل درآمد کیا جائے اور مطلوبہ اہداف مقررہ وقت میں پورے کئے جائیں ۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ فارمز کے غیر آباد اور بنجر رقبہ بارے مناسب منصوبہ بندی کی جائے ۔لائیوسٹاک سروسز ٹریننگ سینٹر کے دورہ کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک نوید حیدر شیرازی نے طلباءکو لیپ ٹاپس کی فراہمی کا اعلان کیا اور وزیر اعظم کے گرین اینڈ کلین پاکستان ویژن کے تحت پودا بھی لگایا ۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے فارمز کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ بھی جاری کرنے کی ہدایت کی ۔ اس دورہ کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ،ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن)، ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ)، ڈائریکٹر لائیوسٹاک ساہیوال، ڈائریکٹر ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور ڈائریکٹر کمیونی کیشن بھی سیکرٹری لائیوسٹاک کے ہمراہ تھے ۔

سورس:وی این ایس، اوکاڑہ