جدہ،23 جنوری (اے پی پی ):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 48واں اجلاس اتوار کو یہاں منعقد ہوا، جس میں مارچ 2022ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کو فراہم کی جانے والی مسلسل حمایت کو سراہا اور پاکستان کو آئندہ اجلاس کی چیئرمین شپ حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے رکن ممالک میں مختلف امور کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے فلسطین، افغانستان، جموں و کشمیر، یمن، لیبیا، سوڈان، صومالیہ، شام، عراق، مالی،اور دیگر افریقی ممالک، بوسنیا اور ہرزیگووینا میں مسلم کمیونٹیز اور اقلیتوں کے حوالے سے بھی خطاب کیا.انہوں نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی کو یقینی بنانے اور عوام کی امنگوں کو حاصل کرنے کے لیے رکن ممالک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے ان اہداف کے حصول کے لیے او آئی سی کی کوششوں کو ایک نئی تحریک دینے کے لیے جنرل سیکریٹریٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کورونا چیلنجوں کے جوابی کوششوں کے ساتھ ساتھ امن، سفارت کاری اور ثالثی، انسداد دہشت گردی اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد